باب 8

جب سے بادشاہی کے بادشاہ قادرِ مطلق خدا کا وجود مشاہدے میں آیا ہے، تب سے خدا کی مدیریت کا دائرہ پوری کائنات میں مکمل طور پر آشکار ہو چکا ہے۔ نہ صرف چین میں خدا کے ظہور کی گواہی دی گئی ہے، بلکہ قادرِ مطلق خدا کے نام کی گواہی تمام قوموں اور تمام ملکوں میں دی گئی ہے۔ وہ سب اس مقدس نام کو پکار رہے ہیں، ہر ممکن طریقے سے خدا کے ساتھ رفاقت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، قادرِ مطلق خدا کی مرضی پر عمل کر رہے ہیں اور باہمی تعاون کے ساتھ کلیسیا میں اُس کی خدمت کر رہے ہیں۔ یہ روح القدس کے کام کرنے کا حیرت انگیز طریقہ ہے۔

ان مختلف قوموں کی زبانیں ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں لیکن ان کی روح ایک ہی ہے۔ یہی وہ روح ہے جو پوری کائنات میں کلیسیاؤں کو آپس میں جوڑتی ہے اور یہ ہر گز خدا سے مختلف نہیں ہے، دونوں میں کوئی معمولی فرق بھی نہیں ہے۔ یہ ایک ایسی بات ہے جس میں شک کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ روح القدس اب انہیں پکارتی ہے، اور اس کی آواز اُنہیں بیدار کرتی ہے۔ یہ خدا کے رحم کی آواز ہے۔ وہ سب قادرِ مطلق خدا کے مقدس نام کو پکار رہے ہیں! وہ اُس کی تعریف بھی کرتے ہیں اور حمد کے گیت بھی گاتے ہیں۔ کوئی بھی چیز انہیں روح القدس کے کاموں سے منحرف نہیں کر سکتی؛ یہ لوگ صحیح راستے پر آگے بڑھنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں، وہ پیچھے نہیں ہٹتے – ایک سے بڑھ کر ایک تعجب انگیز مثالیں ہیں۔ لوگوں کو اس قسم کے نمونے کا تصور کرنا مشکل اور اس پر قیاس آرائی کرنا ناممکن لگتا ہے۔

قادرِ مطلق خدا کائنات میں زندگی کا بادشاہ ہے! وہ اپنے جلال والے تخت پر بیٹھا ہے اور دنیا کی عدالت کرتا ہے، سب پر غلبہ رکھتا ہے اور تمام قوموں پر حکومت کرتا ہے؛ تمام لوگ اُس کے سامنے اپنے گھٹنے ٹیکتے ہیں، اُس سے دعا کرتے ہیں، اُس کے قریب آتے ہیں اور اُس کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں۔ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ تم کتنے عرصے سے خدا کو مانتے ہو، یا تمہاری نمو کتنی ہے یا تمہاری عمر کتنی زیادہ ہے، اگر تم اپنے دلوں میں خدا کے خلاف جاتے ہو تو ضرور تمہارے بارے انصاف کیا جائے گا اور تم پر لازم ہوگا کہ درد بھری آواز میں اُس سے معافی مانگتے ہوئے اُس کے حضور سجدہ ریز ہو جاؤ؛ بے شک یہ تمہارے اپنے اعمال کا پھل ہے۔ یہ رونے کی آواز اُنہیں آگ اور گندھک کی جھیل میں عذاب دیے جانے کی وجہ سے نکلتی ہے اور یہ چیخ و پُکار خدا کی لوہے کی چھڑی سے ملنے والی سزا کا نتیجہ ہے؛ یہ مسیح کی کرسی کے سامنے ہونے والا انصاف ہے۔

کچھ لوگ ڈرتے ہیں، کچھ لوگوں کا ضمیر اُنہیں ملامت کرتا ہے، کچھ چوکنّا رہتے ہیں، کچھ بڑی توجہ کے ساتھ باتیں دھیان سے سنتے ہیں، کچھ توبہ کر کے نئے سرے سے اپنی زندگیوں کا آغاز کرتے ہیں، اُنہیں بہت زیادہ پچھتاوا ہوتا ہے، کچھ اپنے درد کی وجہ سے پھوٹ پھوٹ کر روتے ہیں، کچھ اپنی ہر چیز سے دست بردار ہو جاتے ہیں اور بڑی جدّو جہد سے تلاش کرتے ہیں، کچھ لوگ اپنے اعمال کا جائزہ لیتے ہیں اور مزید وحشیانہ کام کرنے کی ہمت نہیں کرتے، کچھ خدا کے قریب ہونے کے لیے فوری طور پر کوشش کرتے ہیں، کچھ اپنے ضمیر کا جائزہ لیتے ہوئے خود سے پوچھتے ہیں کہ آخر کیوں ان کی زندگیاں ترقی نہیں کر سکتیں۔ کچھ لوگ الجھن میں پڑے رہتے ہیں، کچھ چابی حاصل کرکے اپنے پیروں کی بیڑیاں اتار پھینکتے ہیں اور ہمت کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں، وہ اپنی زندگیاں گزارنے میں زیادہ وقت ضائع نہیں کرتے۔ کچھ لوگ ابھی تک ہچکچاتے ہیں اور نظاروں کے تعلق سے ابہام میں پڑے ہوئے ہیں – جو بوجھ وہ اپنے دلوں میں برداشت کرتے اور اٹھاتے ہیں وہ واقعی بہت بھاری ہے۔

اگر تمہارا ذہن صاف نہیں ہے تو پھر روح القدس کی وجہ سے تمہارے اندر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ وہ تمام چیزیں جو تیری توجہ کا مرکز ہیں، جس انداز میں تو چلتا ہےاور جن کی تیراا دل شدّت سے خواہش کرتا ہے، وہ تیرےنظریات اور تیرے زعم پارسائی سے بھری ہوئی ہیں! میں بے صبری کے مارے جل رہا ہوں – میں کتنی شدت سے چاہتا ہوں کہ کاش میں تم سب کو فی الفور کامل بنا سکتا تاکہ تم سب جلد از جلد میرے کام آنے کے قابل بنائے جاؤ اور میرا یہ بھاری بوجھ ہلکا ہو جائے لیکن تمہیں اس حالت میں دیکھ کر، میں نے محسوس کیا ہے کہ یہ فوری نتائج حاصل کرنے کے لیے ناکافی ہے۔ میرے ہاتھ میں اتنا ہی ہے کہ میں صبر کے ساتھ انتظار کروں، تھوڑا تھوڑا کام کروں اور رفتہ رفتہ تمہاری مدد اور راہنمائی کروں لیکن، تمہارے لیے ضروری ہے کہ اپنے ذہن کوصاف رکھو! کونسی چیز چھوڑی جائے، کونسی تیرا خزانہ ہے، تیری مہلک کمزوریاں کیا ہیں، تیری رکاوٹیں کیا ہیں؟ اپنے نفس کو مدّنظر رکھتے ہوئے ان سوالات پر مزید غور کرو اور میرے ساتھ رفاقت کرو۔ میں چاہتا ہوں کہ تمہارے دل خاموشی سے میرے ساتھ وابسطہ رہیں؛ مجھے تمہاری زبانی عبادت کی ضرورت نہیں ہے۔ تم میں سے جو لوگ سچے دل سے مجھے تلاش کرتے ہیں، میں تم سب پر اپنا وجود ظاہر کروں گا۔ میری رفتار تیز ہوتی جاتی ہے؛ لہٰذا جب تک تیرادل مجھ سے امید لگائے رکھتا ہے اور تو ہر وقت میری پیروی کرتا ہے تو پھر کسی بھی وقت میری مرضی تجھے بذریعہ الہام دی جا سکتی ہے اور تجھ پر ظاہر کی جا سکتی ہے۔ جو لوگ سنجیدگی کے ساتھ انتظار کرتے ہیں وہ غذا حاصل کریں گے اور وہ ترقی کے راستے پر گامزن ہو جائیں گے لیکن جو لوگ بے فکری میں پڑے رہتے ہیں اُن کے لیے میری منشاء کو سمجھنا مشکل ہوگا اور اُن کے سامنے ترقی کا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔

میں چاہتا ہوں کہ تم سب جلدی ترقی کرو اور میرے ساتھ تعاون کرو اور ہر وقت میرے قریب رہو نہ کہ صرف ایک دن اور ایک رات کے لیے۔ میرا ہاتھ ہمیشہ تمہیں آگے بڑھنے کے لیے کھینچے گا اور تمہاری حوصلہ افزائی کرتا رہے گا، تمہیں دھکیلے گا، قائل کرے گا اور تم سے ترقی کرنے کی اپیل کرتا رہے گا! تم ابھی میرے ارادے سے ناواقف ہو۔ تمہارے اپنے نظریات کی رکاوٹیں اور دنیاوی الجھنوں کی رکاوٹیں بہت ہی سخت ناگوار ہیں اور تمہارے لیے میری حقیقی قربت حاصل کرنا ممکن نہیں ہے۔ بات دراصل یہ ہے کہ تم میرے پاس تبھی آتے ہو جب تمہیں کوئی مسئلہ درپیش ہوتا ہے لیکن جب تمہیں کوئی مسئلہ نہیں ہوتا ہے تو تمہارے دل منتشر ہو جاتے ہیں۔ تمہارے دل ایک مفت بازار کی مانند ہو گئے ہیں اور یہ شیطانی میلانات سے بھرے ہوئے ہیں؛ اُن پر دنیاوی چیزوں کا غلبہ ہے اور تم اس سے بے خبر ہو کہ میری رفاقت حاصل کرنے کا کیا طریقہ ہے۔ آخر میں کیونکر تمہارے لیے پریشان نہ رہوں؟ لیکن محض پریشان ہونے سے کام نہیں چلے گا۔ ہمارے پاس زیادہ وقت نہیں ہے اور کام بہت مشکل ہے۔ میرے قدم آگے کی جانب بڑھتے چلے جا رہے ہیں؛ تمہارے پاس جو کچھ بھی ہے اُسے مضبوطی سے تھامے رکھو، ہر آن میرے ساتھ وابسطہ رہو اور میرے ساتھ گہری رفاقت اختیار کرو۔ پھر، میرا ارادہ تجھ پر کسی بھی وقت ظاہر ہو گا۔ جب تم میر ی منشاء کو سمجھو گے تو تم ترقی کے راستے پر گامزن ہو جاؤ گے۔ اب تمہیں ہچکچانے کی ضرورت نہیں ہے۔ میرے ساتھ سچی رفاقت اختیار کرو اور دھوکہ دہی کا سہارا نہ لو یا زیادہ چالاک بننے کی کوشش نہ کرو کیونکہ ایسا کرنے پر تم صرف خود کو ہی دھوکہ دے رہے ہوگے اور تمہیں کسی بھی وقت مسیح کی کرسی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ خالص سونا آگ میں جلائے جانے سے نہیں ڈرتا – یہی سچائی ہے! کوئی شکوہ نہ کرو اور مایوس نہ ہو یا کمزور نہ بنو۔ اپنی روح کے اندر براہ راست میرے ساتھ مزید رفاقت کرو، صبر کے ساتھ انتظار کرو اور میں اپنے وقت پر خود کو تیرےلیے ضرور ظاہر کروں گا۔ تجھےبالیقین احتیاط کرنی چاہیے اور تجھ پر کی گئی میری کوشش کو ضائع نہیں ہونے دیناچاہیے؛ ایک لمحہ بھی ضائع نہ کرو۔ جب تیرا دل مستقل طور پر میرے ساتھ رفاقت اختیار کرے گا، جب تیرادل مسلسل میرے لیے دھڑکے گا تو کوئی بھی انسان، کوئی واقعہ، کوئی چیز، کوئی خاوند، بیٹا یا بیٹی تیرے دل میں میرے ساتھ تیری رفاقت کو اثر انداز نہیں کر پائے گی۔ جب تیرا دل ہر آن روح القدس کی قید میں رہتا ہے اور جب تو ہر لمحہ میرے ساتھ رفاقت اختیار کرتا ہے تو پھر میرا ارادہ ضرور تجھ پر ظاہر کیا جائے گا۔ جب تو اپنے اردگرد کے ماحول یا کسی بھی شخص، واقعہ یا چیز سے قطع نظر اس طرح مسلسل میرے قریب آ رہا ہوتا ہے تو تو کسی بھی قسم کی الجھن میں نہیں پڑے گا اور تو ترقی کے راستے پر گامزن ہو جائے گا۔

اگر توعام طور پر کسی بھی معاملے کو نظر انداز نہیں کرتا، خواہ وہ معاملہ کتنا ہی بڑا یا چھوٹا کیوں نہ ہو، اگرتیرا ہر خیال اور ترکیب پاک ہے اور اگر تیری روح پُر سکون ہے تو جب بھی تجھے کوئی مسئلہ درپیش ہوگا تو میرے الفاظ ایک روشن آئینے کی طرح فوراً تجھے اندرونی طور پر متاثر کریں گے تاکہ تو ان میں اپنے وجود کو دیکھ سکے اور پھر تو ترقی کے راستے پر گامزن ہو جائےگے۔ اسے بیماری کے مطابق دوا دینا کہتے ہیں! اور یہ حالت ضرور ٹھیک ہو جائے گی – خدا کی قدرت مطلق ایسی ہے۔ میں ضرور اُن تمام لوگوں کو روشن اور منوّر کروں گا جو راستبازی کے بھوکے اور پیاسے ہیں اور جو اخلاص کے ساتھ تلاش کرتے ہیں۔ میں تم سب پر روحانی دنیا کے راز ظاہر کروں گا اور آگے کا راستہ دکھاؤں گا تا تم جتنی جلدی ہو سکے اپنے پرانے بدعنوان مزاج کو ترک کرو، تاکہ تم زندگی میں سنجیدگی حاصل کر سکو اور تاکہ تم میرے استعمال کے قابل بنو اور تاکہ بشارت کا کام جلد ہی بغیر کسی رکاوٹ کے آگے بڑھ سکے۔ صرف تبھی میرا ارادہ پورا ہوگا اور صرف تبھی خدا کا چھ ہزار سالہ مدیریت کا منصوبہ کم سے کم وقت میں پورا ہو پائے گا۔ خدا بادشاہی حاصل کرے گا اور نیچے زمین پر اترے گا اور ہم مل کر جلال میں داخل ہوں گے!

سابقہ: باب 7

اگلا: باب 9

خدا کے بغیر ایام میں، زندگی اندھیرے اور درد سے بھر جاتی ہے۔ کیا آپ خدا کے قریب جانے اور اس سے خوشی اور سکون حاصل کرنے کے لیے خُدا کے الفاظ سیکھنے کے لیے تیار ہیں؟

تنظیمات

  • متن
  • تھیمز

گہرے رنگ

تھیمز

فونٹس

فونٹ کا سائز

سطور کا درمیانی فاصلہ

سطور کا درمیانی فاصلہ

صفحے کی چوڑائی

مندرجات

تلاش کریں

  • اس متن میں تلاش کریں
  • اس کتاب میں تلاش کریں

کے ذریعے ہم سے رابطہ کریں WhatsApp