سات گرج دار آوازیں – نبوت کر رہی ہیں کہ بادشاہی کی خُوشخبری پوری کائنات میں پھیل جائے گی

میں اپنا کام غیر اقوام میں پھیلا رہا ہوں۔ میرا جلال پوری کائنات میں دمکتا ہے۔ ستارہ درستارہ، نقطہ درنقطہ، تمام لوگ میرا ارادہ اپنے اندر لیے پھرتے ہیں، اور وہ سب میرے ہاتھ کی جنبش سےحرکت کرتے ہیں اور میرا تفویض کردہ کام انجام دیتے ہیں۔ اس نقطے کے بعد، میں ایک نئے دور میں داخل ہو گیا ہوں، جس سے تمام لوگ ایک نئی دنیا میں داخل ہو گئے ہیں۔ جب میں اپنے "وطن" لوٹا تو میں نے اپنے اصل منصوبے میں کام کے ایک اور حصے کا آغازکیا، تاکہ انسان مجھے زیادہ گہرائی سے جان سکے۔ میں کائنات کواس کی کُلیّت میں دیکھتا ہوں اور دیکھتا ہوں[ا] کہ یہ میرے کام کے لیے ایک مناسب وقت ہے، پس میں انسان پر نیا کام کرنے میں عجلت برتتا ہوں۔ یہ آخرکار، ایک نیا دور ہے، اورمزید نئے لوگوں کو نئے دور میں لےجانے کےلیے، نیز ان میں سےبہت سوں کی چھانٹی کرنے کے لیے، جنہیں میں نکال باہر کروں گا، میں نیا کام لایا ہوں۔ بڑے لال اژدہے کی سرزمین پر، میں نے کام کا انسانوں کی سمجھ میں نہ آنے و الا مرحلہ انجام دیا ہے، جس کے سبب وہ ہوا سے ہلکورے لیتے ہیں، جس کے بعد ان میں سے بہت سے ہوا کے جھونکے سے خاموشی سے اڑ کر دور چلے جاتے ہیں۔ حقیقت میں یہ "کھلیان کا فرش" ہے جسے میں صاف کرنے والا ہوں؛ یہ میری خواہش اور منصوبہ ہے۔ کیونکہ بہت سے بدکارمیرے کام کے دوران میں گھس آئے ہیں، لیکن مجھے ان کو بھگانے کی کوئی جلدی نہیں ہے۔ بلکہ میں ان کو مناسب وقت پر منتشرکروں گا۔ اس کے بعد ہی میں زندگی کا چشمہ بنوں گا، ان لوگوں کو، جو حقیقت میں مجھ سے محبت کرتے ہیں، اپنی جانب سے انجیر کے درخت کا پھل اور کنول کی خوشبو وصول کرنے کا موقع دوں گا۔ جس سر زمین پر، شیطان قیام کرتاہے، خاک کی سرزمین، وہاں خالص سونا نہیں، فقط ریت باقی رہ جاتی ہے، اور یوں، ان حالات سے نبردآزما رہتے ہوئے، میں کام کا ایسا مرحلہ انجام دیتا ہوں۔ تمھیں معلوم ہونا چاہیے کہ میں فقط خالص، صاف کیا ہوا سونا وصول کرتا ہوں، نہ کہ ریت۔ بدکارمیرے گھر میں کیسے رہ سکتا ہے؟ میں اپنی جنت میں لومڑیوں کو مفت خوربننے کی اجازت کیسے دے سکتا ہوں؟ میں ہر قابل تصور طریقے سے ان چیزوں کو دور ہٹاتا ہوں۔ اس سے قبل کہ میری مرضی ظاہر ہو، کوئی بھی نہیں جان سکتا کہ میں کیا کرنے والا ہوں۔ اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے، میں ان بدکاروں کو دور ہٹاؤں گا اور وہ میرے حضور سے نکل جانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ بدکاروں سے میں ایسا کرتا ہوں، تاہم میری خدمت انجام دینے کے لیے ان کے پاس مہلت ہوگی۔ انسان کی رحمتوں کے حصول کی خواہش بہت شدید ہے۔ لہٰذا میں اپنا جسم پھیرتا ہوں اور غیر اقوام کو اپنا عظیم الشان چہرہ دکھاتا ہوں، تاکہ انسان اپنی دنیا میں رہتے ہوئے خود فیصلہ کر سکیں، اس دوران میں، میں کلام کرتا رہوں گا جو مجھے کرنا چاہیے اور انسانوں کو وہ فراہم کرتا رہوں گا جس کی انھیں ضرورت ہے۔ جب تک انسان ہوش میں آئیں گے، میں بہت پہلے اپنے کام کو پھیلا چکا ہوں گا۔ اس وقت میں انسانوں کے سامنے اپنے ارادے کا اظہار کروں گااور انسان پر اپنے کام کا دوسرا حصہ انجام دوں گا، انسانوں کو قریب سے میری پیروی کا موقع دوں گا تاکہ وہ میرے کام سے ہم آہنگ ہو سکیں، نیز انسانوں کو موقع دوں گا کہ وہ اپنی استعداد کے مطابق میرے ساتھ وہ کام انجام دیں جو مجھے لازماًانجام دینا چاہیے۔

کسی کا اس بات پر ایمان نہیں ہے کہ وہ میرا جلال دیکھیں گے، اور میں ان کو مجبورنہیں کرتا ہوں، بلکہ اپنا جلال بنی نوع انسان کے مابین سے ہٹا لیتا ہوں اور اسے دوسری دنیا میں لے جاتا ہوں۔ جب انسان دوبارہ توبہ کریں گےتب میں مزید ایمان والوں کو اپنا جلال لے جاکر دکھاؤں گا۔ یہ وہ اصول ہےجس کےتحت میں کام کرتا ہوں۔ کیونکہ ایک وقت آتا ہے جب میرا جلال کنعان کو ترک کرتا ہے، اور ایک وقت ایسا بھی ہے جب میراجلال منتخب انسانوں کو چھوڑدیتا ہے۔ مزید برآں ایک وقت ایسا بھی ہے جب میرا جلال پوری زمین چھوڑدیتا ہے، جو نتیجتاً ماند پڑ جاتی ہے اورتاریکی میں ڈوب جاتی ہے۔ حتیٰ کہ کنعان کی سرزمین بھی سورج کی روشنی نہ دیکھ پائے گی، تمام انسان اپنا ایمان کھو دیں گے تاہم ان میں سے کوئی بھی برداشت نہیں کرسکتا کہ کنعان کی سرزمین کی خوشبوچھوڑدے۔ جب میں نئے آسمان اور زمین میں داخل ہوتا ہوں، فقط اس وقت اپنے جلال کا دوسرا حصہ لیتا ہوں اور اسے پہلے کنعان کی سرزمین پر ظاہر کرتا ہوں، نتیجتاً روشنی کی کرن چمکتی ہے تاکہ وہ پوری دنیا کوروشن کردے۔ جو کہ رات کی سیاہ تاریکی میں دھنسی ہوئی ہوگی، تاکہ پوری دنیا روشنی میں آسکے، پھر پوری دنیا سے انسان روشنی کی قوت سے طاقت حاصل کرنے کے لیے آ سکیں، تاکہ میرا جلال بڑھنے کا موقع مل سکے اور وہ ہر قوم کے سامنے ازسر نو ظاہر ہوسکے، اورتاکہ پوری انسانیت سمجھ سکے کہ میں بہت پہلے انسانی دنیا میں آچکا ہوں اور بہت پہلے اپنا جلال اسرائیل سے مشرق لے آیا ہوں۔ کیونکہ میرا جلال مشرق سے چمکتا ہے جسے فضل کے زمانے سے آج کے زمانے تک لایا گیا ہے۔ لیکن یہ اسرائیل تھا جہاں سے میں نکلا اور وہاں سے مشرق میں آیا۔ صرف جب مشرق کی روشنی بتدریج سفید ہو جائے گی تو دنیا بھرمیں پھیلی تاریکی روشنی میں بدلنا شروع ہو جائے گی، صرف تب ہی انسان یہ جانیں گے کہ میں بہت پہلے اسرائیل سے جا چکا ہوں اور مشرق میں دوبارہ ابھر رہا ہوں۔ ایک مرتبہ اسرائیل میں نازل ہونے اور بعدازاں وہاں سے روانہ ہونے کے بعد میں دوبارہ اسرائیل میں جنم نہیں لے سکتا ہوں کیونکہ میرا کام پوری کائنات کی راہنمائی کرتا ہے۔ مزید یہ کہ میری آسمانی بجلی مشرق سے براہ راست مغرب تک کوندے گی۔ اس لیے میں مشرق میں اترا ہوں اور کنعان کو مشرق کے لوگوں کی جانب لایا ہوں۔ میں سارے کرہ ارض سے لوگ سرزمین ِ کنعان کی جانب لاؤں گا، تاکہ میں پوری کائنات پر قابو پانے کے لیے کنعان کی سرزمین سے اپنے مزید کلمات جاری کر سکوں۔ اس وقت کنعان کے سوا پوری زمین پر کہیں روشنی نہیں ہے اور تمام انسان بھوک اور ٹھنڈ کی وجہ سے خطرات سے دوچار ہیں۔ میں نے اپنا جلال اسرائیل کو دیا اور پھر اسے چھین لیا۔ یوں میں بنی اسرائیل اور پوری انسانیت کو مشرق کی جانب لایا۔ میں سب کو روشنی میں لایا ہوں تاکہ یہ سب اس سے دوبارہ متحد ہو سکیں، اس سے ہم آہنگ ہو سکیں اور انھیں اس کی تلاش نہ کرنی پڑے۔ میں ان سب کو، جو تلاش کر رہے ہیں، دوبارہ روشنی اور وہ جلال دیکھنے کا موقع دوں گا جو میں اسرائیل میں رکھتا تھا۔ میں انہیں یہ دیکھنے دوں گا کہ میں بہت پہلے ایک سفید بادل پر بنی نوع انسان کے درمیان اتر آیا ہوں، انہیں بے شمار سفیدبادلوں، پھلوں کو ان کےبے تحاشا گچھوں میں دیکھنے کا موقع دوں گا، اور اس سے بھی بڑھ کرانہیں اسرائیل کا یہوواہ خدا دیکھنے کا موقع دوں گا۔ میں انھیں یہودیوں کے استاد اور قابل اشتیاق مسیحا اور اس سے بھی بڑھ کر اپنے پورے وجود کے دیدار کا موقع دوں گا جسے ہر زمانے کے بادشاہوں نے بہت ستایا ہے۔ میں پوری کائنات پر کام کروں گا اور میں عظیم کام انجام دوں گا، جس سےآخری ایام میں انسانوں پر میرا پورا جلال اور اعمال ظاہر ہو جائیں گے۔ میں ان لوگوں کو اپنے مکمل جلالی چہرے کا دیدار کراؤں گا، انھیں، جنھوں نےمیرے سفید بادل پر آنے کا برسوں طویل انتظار کیا ہے، بنی اسرائیل کو، جو میرے دوبارہ ظاہر ہونے کی خواہش رکھتے ہیں، اور پوری انسانیت کو جو مجھے ستاتی ہے، تاکہ سب جان جائیں کہ میں نے بہت پہلے اپنا جلال واپس لے لیا تھا اور اسے مشرق میں لے آیا ہوں اور اب یہ مزید یہودیہ میں نہیں ہے۔ کیونکہ آخری ایام پہلے ہی آن پہنچے ہیں!

میں پوری کائنات میں اپنا کام کر رہا ہوں، اور مشرق میں تمام قوموں اور فرقوں کو لرزہ براندام کر دینے والی گرج چمک کے ساتھ یہ لامتناہی طور پر جاری ہے۔ یہ میری آواز ہے جو تمام لوگوں کو حال میں لے آئی ہے۔ میں اپنی آواز سے تمام لوگوں کو فتح کرنے، اس دھارے میں شامل ہونے، اور میرے حضور سرتسلیم خم کرنے پر مجبور کرتا ہوں، کیونکہ میں نے طویل عرصہ پہلے تمام روئے زمین پر اپنا جلال دوبارہ حاصل کرلیا ہے اور اسے مشرق میں نئے سرے سے جاری کیا ہے۔ کون ہے جو میرا جلال دیکھنے کی تمنا نہیں کرتا؟ کون ہے جسے بے چینی سے میری واپسی کا انتظار نہیں؟ کون ہے جو میرےدوبارہ ظہور کا پیاسا نہیں ہے؟ کون ہے جو میری دلکشی کو یاد نہیں کرتا؟ کون ہے جو روشنی میں نہیں آئے گا؟ کنعان کی دولت کون نہیں دیکھے گا؟ کون ہے جو نجات دہندہ کی واپسی کی خواہش نہیں کرتا؟ کون اس کی پرستش نہیں کرتا جو قدرت میں عظیم ہے؟ میری آواز تمام روئے زمین پر پھیل جائے گی۔ میں اپنے منتخب لوگوں کا سامنا کروں گا اور ان سے مزید الفاظ کہوں گا۔ پہاڑوں اور دریاؤں کو ہلادینے والی زبردست گھن گرج کی طرح، میں اپنی باتیں پوری کائنات اور بنی نوع انسان سے کہتا ہوں۔ لہٰذا میرے الفاظ انسان کا خزانہ بن گئے ہیں اور تمام انسان میرے الفاظ عزیز رکھتے ہیں۔ بجلی مشرق سے مغرب تک پوری طرح چمک رہی ہے۔ میرے الفاظ ایسے ہیں کہ انسان انہیں ترک کرنے سے متنفر ہے اور ساتھ ہی ان کو ناقابل فہم پاتا ہے لیکن ان تمام چیزوں سے اور زیادہ مسرور ہوتا ہے۔ تمام لوگ خوش اور مسرور ہیں، میری آمد کا جشن منا رہے ہیں، گویا ابھی ابھی کوئی بچہ پیدا ہوا ہو۔ میں اپنی آواز کے وسیلے سے سب انسانوں کو اپنے سامنے لاؤں گا۔ اس کے بعد سے میں باضابطہ طور پر نسل انسانی میں شامل ہو جاؤں گا تاکہ وہ میری عبادت کرنے آئیں۔ میں اپنے درخشاں جلال اور اپنےمنہ کے الفاظ کے ساتھ، اسے ایسا بناؤں گا کہ تمام لوگ میرے سامنے آئیں اور دیکھیں کہ بجلی مشرق سے چمکتی ہے اور یہ کہ میں مشرق کے "جبل زیتون" پر بھی اتر آیا ہوں۔ وہ دیکھیں گے کہ میں پہلے ہی زمین پر طویل عرصے سے ہوں، اب یہودیوں کے بیٹے کی حیثیت سے نہیں بلکہ مشرق کی بجلی کی حیثیت سے۔ کیونکہ مجھے دوبارہ زندہ ہوئے بہت وقت ہو چکا ہے اورمیں بنی نوع انسان کے درمیان سے چلا گیا تھا، اور جلال کے ساتھ لوگوں کے درمیان دوبارہ ظاہر ہوا ہوں۔ وہ میں ہی ہوں جس کی اب سے پہلے بے شمار ادوارسے پرستش کی جاتی تھی، میں وہ شیرخوار بچہ بھی ہوں جسے بنی اسرائیل نےاب سے بے شمار ادوار پہلے چھوڑ دیا تھا۔ مزید برآں، میں موجودہ دور کا عظیم الشان قادر مطلق خدا ہوں! سب میرے تخت کے سامنے آئیں اور میرا جلالی چہرہ دیکھیں، میری آواز سنیں اور میرے کام دیکھیں۔ یہ میری منشا کی کُلیّت ہے۔ یہ میرے منصوبے اور ساتھ ہی ساتھ میرے انتظام کے مقصد کا اختتام اور عروج ہے: ہر قوم میری عبادت کرے، ہر زبان مجھے تسلیم کرے، ہر انسان مجھ پر ایمان لائے، اور ہر قوم میرے تابع ہو!

حاشیہ:

ا۔ اصل متن میں "دیکھتا ہوں" کی عبارت موجود نہیں ہے۔

سابقہ: تجھے سچائی کے لیے جینا چاہیے کیونکہ تُو خدا پر ایمان رکھتا ہے

اگلا: مجسم خدا اور خدا کے زیر استعمال لوگوں کے درمیان بنیادی فرق

خدا کے بغیر ایام میں، زندگی اندھیرے اور درد سے بھر جاتی ہے۔ کیا آپ خدا کے قریب جانے اور اس سے خوشی اور سکون حاصل کرنے کے لیے خُدا کے الفاظ سیکھنے کے لیے تیار ہیں؟

تنظیمات

  • متن
  • تھیمز

گہرے رنگ

تھیمز

فونٹس

فونٹ کا سائز

سطور کا درمیانی فاصلہ

سطور کا درمیانی فاصلہ

صفحے کی چوڑائی

مندرجات

تلاش کریں

  • اس متن میں تلاش کریں
  • اس کتاب میں تلاش کریں

کے ذریعے ہم سے رابطہ کریں WhatsApp